ماسکو: روسی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو امریکا کاسفر نہ کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہےکہ
امریکا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظرمیں امریکا سمیت کینیڈا اور یورپی یونین کے کچھ ممالک کا سفر خطرات سے بھرا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات ٹوٹ پھوٹ کے دہانے پر پہنچ رہے ہیں، امریکا میں روسی شہریوں کو مختلف بہانوں کے ذریعے نشانہ بنایا جارہاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری چھٹیاں گزارنے کےلیے امریکا سمیت کینیڈا اور یورپی یونین کے کچھ ممالک کے علاوہ کسی اور ممالک کا انتخاب کریں، امریکی کشیدگی کی وجہ سے شہریوں کو جانی ومالی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین اور روس کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکا اور روس کے درمیان کافی حد تک تناؤ پیدا ہوا ہے، جس کے بعد روسی حکومت نے اپنے شہریوں کو مغربی ممالک کا رخ کرنے سے منع کردیا ہے۔