ایم ڈی کیٹ کا پیپر آؤٹ کرنے والے ملزمان پکڑے گئے

97

کراچی اور سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ کا پیپر آؤٹ کرنے والے تین ملزمان کو پکڑ لیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ایک کارروائی کرتے ہوئے کراچی سمیت صوبے بھر میں ایم ڈی کیٹ کا پرچہ آؤٹ کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سائبر کرائم سرکل کی تحقیقات کے تحت شیراز بلال، طارق عزیز سموں اور شان درانی نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ طالبعلموں کو رقم کے بدلے ایم ڈی کیٹ کے آؤٹ پرچے فراہم کرتے تھے۔

تحقیقات کے دوران ملزمان کے موبائل فونز سے ایسے اسکرین شاٹس بھی برآمد ہوئے ہیں جن میں امیدواروں کو پرچے بھیجے جا رہے تھے۔ 

گرفتار کیے گئے افراد پیپر آؤٹ کرنے والے ایک بڑے گروہ کے رکن ہیں، جو 2023-24 کے دوران ایم ڈی کیٹ کے پرچے آؤٹ کرنے میں مسلسل ملوث رہا ہے۔ گروہ میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔