تہران: ایرانی سپریم لیڈرآیت خامنہ ای نے دعویٰ کیا ہے کہامریکا، اسرائیل اور شام کے پڑوسی ملک کے منصوبے کے نتیجے میں شام میں بشارالاسد کی حکومت کاخاتمہ ہوا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بشارالاسد کی حکومت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ختم کی گئی ، ہمارےپاس ثبوت ہیں،کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام میں جو کچھ ہوا وہ امریکی اور صیہونی مشترکہ سازش کے تحت ہوا، عراق، اسرائیل، اردن، لبنان اور ترکی سبھی کی سرحدیں شام کے ساتھ ملتی ہیں، ان پڑوسیوں میں سے ترکی نے طویل عرصے سے شامی اپوزیشن کی بعض فورسز کی حمایت کی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ شام میں باغی گروپوں کے مقاصد ایک دوسرے سے الگ ہيں،شام کے ہر باغی گروپ کے اپنے علیحدہ مقاصد اور ایجنڈا ہے، وقت ثابت کرےگا کہ ان لوگوں کا کوئی بھی مقصد پورا نہيں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکا علاقے میں اپنے قدم جمانا چاہتا ہے، ایران کے خفیہ ادارے کئی مہینوں سے شام کے حکام کو خبردار کر رہے تھے، یہ پتا نہیں چل سکا کہ سب کچھ اعلیٰ حکام تک پہنچ رہا تھا یا نہيں، دشمن سےغافل نہيں ہونا چاہیے، دشمن کو کمزور نہيں سمجھنا چاہیے۔