مکمل اور اچھی نیند کا بڑھاپے میں کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟

107

نئی دہلی:مکمل، گہری اور اچھی نیند کا بڑھاپے میں کتنا فائدہ ہو سکتا ہے، یہ حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی نئی تحقیق کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اچھی، گہری اور پرسکون  نیند نہ صرف عمومی صحت کے لیے اہم ہے بلکہ بڑھاپے میں جسمانی کمزوری کے خطرے کو بھی نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔

تحقیق اور نتائج

نیند  سے متعلق اس دلچسپ تحقیق میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 6,500 سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ اس دوران ان کی جسمانی سرگرمی، تھکاوٹ، وزن میں کمی، چلنے کی رفتار اور گرفت کی مضبوطی جیسے عوامل کا جائزہ لیا گیا۔ ان تمام عوامل کا موازنہ نیند کے معیار اور دورانیے سے کیا گیا۔

تحقیق کے بعد ناقص نیند کے شکار افراد میں دیگر کے مقابلے میں جسمانی کمزوری کا خطرہ 3 گنا زیادہ پایا گیا جب کہ ہر رات 9 گھنٹے یا اس سے زیادہ نیند لینے والے مردوں میں جسمانی کمزوری کے امکانات کم پائے گئے، جب کہ خواتین کے لیے 8 گھنٹے نیند کافی سمجھی گئی۔

نیند اور بڑھاپے کا تعلق

تحقیق کے نتائج سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ بڑھاپے میں نیند کا معیار متاثر ہو سکتا ہے، جس سے بار بار جاگنے اور نیند کا دورانیہ کم ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ عوامل جسمانی کمزوری کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔

ماہرین کے مشورے

کوشش کی جائے کہ نیند گہری، مکمل اور پرسکون ملے۔ نیند کے لیے مناسب وقت نکالا جائے، جس میں مردوں کے لیے کم از کم 9 اور خواتین کے لیے 8 گھنٹے کافی ہیں۔ اسی طرح نیند کی کمی یا زیادتی سے بچنے کے لیے متوازن طرز زندگی اختیار کیا جائے۔

صحت پر اثرات

جسمانی کمزوری نہ صرف روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہے بلکہ موت کے خطرات اور دیگر طبی مسائل کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق نیند کے معیار کو بہتر بنا کر بڑھاپے میں صحت مند اور فعال زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

یہ تحقیق بی ایم سی پبلک ہیلتھ نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے اور اس سے پتا چلتا ہے کہ اچھی اور پرسکون نیند زندگی کے ہر مرحلے میں کتنی اہم ہے۔