اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کے قومی اسمبلی میں خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کو دھول اڑانے والے آج دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں، تحریک انتشار گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے۔
میڈیا ذرائع مطابق وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ گولی چلی ہے تو ثبوت سامنے کیوں نہیں لاتے؟، دوڑ کیوں لگائی؟، موقع سے بھاگنے والے بہانے بنا رہے ہیں، غلیلوں، بنٹوں، پتھروں، اسٹن گنز اور آتشیں اسلحہ سے لیس شرپسندوں نے 26 نومبر کو وفاق پر چڑھائی کی، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو شہید اور زخمی کیا، اس نقصان کا مداوا کون کرے گا؟
عطا اللہ تارڑ نے کا کہنا تھا کہ شہید جوانوں کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں؟ تحریک انصاف کے پاس گولی چلنے کا کوئی ایک ثبوت ہے تو سامنے لائے، پرتشدد سیاست اور پرتشدد احتجاج پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، پی ٹی آئی اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کا جواب دے، الزامات لگا کر ان سے منہ مت پھیریں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے تمام ثبوت موجود ہیں، تحریک انصاف کی پوری قیادت سانحہ 9 مئی میں ملوث ہے۔