اسلام آباد: رائٹ سائزنگ سے متاثر ہونے والے بیوروکریٹس کے مستقبل کے لئے حکومت کا اہم فیصلہ کرلیا، سول سرونٹس ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی میں پیش، قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔
ترمیمی بل کےمطابق اداروں کی رائٹ سائزنگ کے نتیجے میں سرپلس پول میں جانے والے بیوروکریٹ کو دوسرے محکمے میں مساوی پوسٹ پر تعینات کیا جائے گا، مساوی پوسٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں نچلی سطح کی پوسٹ پر بھی تعینات کیا جا سکے گا۔
بل کے متن میں بتایا گیا کہ نچلی سطح کی پوسٹ پر تعینات ہونے کی صورت میں بیوروکریٹ کو تنخواہ اور مراعات گزشتہ پوسٹ کی ادا کی جائیں گی، ترمیمی بل اداروں کی بندش کی صورت میں سرپلس پول میں جا نے والے افسران کو خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔اسی طرح خصوصی پیکیج سے مطمئن نہ ہونے والا بیوروکریٹ سات دنوں میں مصالحتی کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا، وفاقی حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے افسران کی شکایتوں کے ازالے کے لئے مصالحتی کمیٹی تشکیل دے گی۔
ترمیمی بل میں یہ بھی کہا گیا کہ کمیٹی تیس دنوں میں شکایت کنندہ بیوروکریٹ پر فیصلہ کرنے کی پابند ہو گی، کمیٹی کا فیصلہ ملک کی کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجا سکے گا، ملازمت سے برطرف ہونے والا بیوروکریٹ خصوصی پیکیج کا حقدار نہیں ہو گا۔