اسلام آباد: وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برس میں ملک میں موبائل صارفین سے مجموعی طور پر (338 ارب) 3 کھرب 38 ارب روپے ایڈوانس ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی گئی تفصیلات میں وزارت خزانہ نے بتایا کہ 2020 میں صارفین سے 50 ارب روپے ایڈوانس ٹیکس وصول کیا گیا۔ 2021 میں یہ رقم بڑھ کر 55 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح 2022 میں فون بیلنس پر 61 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں یہ رقم 80 ارب روپے رہی جبکہ مالی سال 2024 کے دوران 92 ارب روپے ایڈوانس ٹیکس کے طور پر وصول ہوئے۔
برآمدات 33 ارب تک پہنچنے کا امکان
وزارت خزانہ نے آئندہ سالوں کے حوالے سے بھی اندازے پیش کیے ہیں۔ حکام کے مطابق مالی سال 2025 میں برآمدات 33 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ترسیلات زر 33 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اسی طرح آئی ٹی سیکٹر میں بھی ترقی کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے مطابق رواں مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 4 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ساڑھے 8 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔