نواب شاہ: منشیات فروشوں کی جانب سے حملہ کیے جانے کی مذمت

90

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) شہید بے نظیر آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے عہدیدار شبیر راجپوت اور ڈاکٹر عامر خانزادہ پر سکرنڈ میں منشیات فروشوں کی جانب سے حملہ کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے پی ایف یو جے (ورکرز)اور سندھ کی مختلف یوجیز کے عہدیداروں نے مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شبیر راجپوت اور ڈاکٹر عامر خانزادہ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے سردار چانڈیو، نعمان راول عرف نومی سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے، سکرنڈ، شہیدبینظیر آباد سمیت دیگر اضلاع میں صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، سندھ میں صحافی غیر محفوظ ہو گئے، سکرنڈ میں منشیات فروشوں نے شبیر راجپوت اور ڈاکٹر عامر خانزادہ کو صرف اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا تھا کہ انہوں نے منشیات فروشوں کے کالے دھندوں کے حوالے سے خبریں شائع کیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث منشیات فروش عادی مجرم اور کئی مرتبہ مقدمات کے سلسلے میں جیل بھی جاچکے ہیں، پولیس فوری ان عادی مجرمان کو گرفتار کرے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے روکنے کے لیے پولیس اور ریاستی ادارے آئے دن غیرقانونی راستے اختیار کرتے ہیں جس کی وجہ سے صحافی اور میڈیا سے وابستہ دیگر افراد غیر محفوظ ہوتے جارہے ہیں۔