اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف زرداری کاکہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، کشمیریوں کو ان کے سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، انسانی حقوق کے تحفظ، خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے قانونی، معاشی اور سماجی فریم ورک کے نفاذ کے لیے پُرعزم ہیں۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ مستحکم اور خوش حال ملک کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی اور انتظامی اصلاحات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کاز پر ہر جگہ بات کریں گے، کسی بھی ملک میں ظلم کو برادشت نہیں کیا جائے گا، انسانیت کے ناطے ہر مظلوم کی آواز بنیں گے۔