شام کے صدر بشار الاسد 24 سالہ اقتدار کے خاتمے پر ملک سے فرار ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فوج کی کمان نے افسران کو مطلع کیا ہے کہ باغیوں کے حملے کے بعد صدر بشار الاسد کی حکومت ختم ہو گئی ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق سرکاری ٹی وی اور ریڈیو عمارتوں کاکنٹرول باغیوں کے پاس ہے اور دمشق کے قریب جیل سے ہزاروں قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی صدر دمشق میں کسی بھی ایسے مقام پر نہیں ہیں جہاں ان کے ہونے کی توقع ہو۔
دمشق کے نواح میں شامی باغیوں نے سابق صدر حافظ الاسد کا مجسمہ گرا دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دمشق میں گولیاں چلنے اور دھماکے سنے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ لوگ سڑکوں پر جشن میں نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔
شامی باغی گروہ نے کہا ہے کہ کسی بھی صورت شام میں موجود کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کریں گے۔