دبئی (اسپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق ہونے والا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کا اہم اجلاس ایک بار پھر ملتوی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی کا اہم اجلاس ہفتے کے روز ہونا تھا جس میں ٹرافی کی میزبانی اور شیڈول سے متعلق چیزوں کو طے کرنا تھا۔تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی میٹنگ ایک بار پھر ملتوی ہو گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے مزید مطالبات کا جواب اپنی حکومت سے لیکر آئی سی سی کو دینا تھا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا جس کی وجہ سے آئی سی سی کا اجلاس ملتوی ہوا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کی شرائط بھارتی بورڈ سے متعلق ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی دو بار چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی کے اجلاس ملتوی ہو چکے ہیں، آئی سی سی اجلاس پاکستان کے میزبانی سے متعلق سخت مقف اور بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی کے باعث ملتوی ہو رہے ہیں۔دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے بیک ڈور مذاکرات میں پیشرفت کے بعد معاملات طے پانے کے قریب پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے معاملات طے ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں، آئی سی سی کی جانب سے ٹرافی کے شیڈول کا جلد اعلان متوقع ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر دیگر اسٹیک ہولڈر بھی ایکشن میں آئے، پس پردہ مذاکرات کی وجہ سے معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھنے لگے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ذرائع کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی مطالبات پر آئی سی سی کو جواب نہ ملنے کے باعث گزشتہ روز ہونے والا آئی سی سی کا اہم اجلاس ایک بار پھر ملتوی ہو گیا ہے۔خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو گی جس کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے تاہم بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔