ملک ریاض کا متحدہ عرب امارات(دبئی) میں جدید شہر بنانے کا معاہدہ

204

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستانی پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے بحریہ ٹاؤن کے بعد متحدہ عرب امارات دبئی میں جدید شہر بنانے کا معاہدہ کرلیا۔ تعمیراتی کمپنی بحریہ ٹاون کے سربراہ ملک ریاض نے دبئی سائوتھ میں جدید ترین شہر بنانے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے بحریہ ٹاؤن اور دبئی ایوی ایشن سٹی کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔معاہدے کے مطابق المکتوم انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب جدید ماسٹر پلانڈ کمیونٹی کی تعمیر کا منصوبہ عالمی معیار کی رہائشی اور کمرشل سہولیات فراہم کرے گا۔دبئی ایوی ایشن سٹی کارپوریشن اور دبئی ساؤتھ کے ایگزیکٹو چیئرمین خلیفہ الزفین کا کہنا ہے کہ منصوبہ جدید ولاز، ٹاؤن ہاؤسز اور اپارٹمنٹس پر مشتمل ہو گا، بحریہ ٹاؤن کاجدید تعلیمی، طبی اور تفریحی سہولیات سے مزین منصوبہ دبئی سائوتھ عالمی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مرکز بنے گا۔ملک ریاض کے فرزند اور سی ای او احمد علی ریاض ملک کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے رہائشیوں کو مثالی طرز زندگی فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، یہ منصوبہ دبئی کے تعمیراتی منظر نامے میں ایک نمایاں اضافہ کرے گا جبکہ بحریہ ٹاؤن کے نئے منصوبے سے پاکستان کی تعمیراتی صنعت کو عالمی سطح پر پذیرائی ہوگی۔