وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کس حیثیت سے لوگوں میں چیک تقسیم کر رہی ہیں؟
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دس سماعتوں سے بشریٰ بی بی گرفتاری کے خوف سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہی،26 نومبر کو بشریٰ بی بی خود کلثوم پلازہ سے اگے نہیں گئی۔
انہوں نے کہا کہ موصوفہ کہتی ہیں میں بھاگی نہیں اکیلی کھڑی رہی، بھاگنے میں تو آپ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 5 اکتوبر کے فیڈریشن پر حملے پر خیبر پختونخوا حکومت کا 81 کروڑ روپے خرچہ آیا ، 24 نومبر کی تیسری ناکام بغاوت پر اطلاعات کے مطابق 2 ارب روپے سے زائد خرچ ہوئے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 26 نومبر کی رات بشریٰ بی بی کو ڈی چوک سے بھاگتے پوری قوم نے دیکھا، قوم کو بتائیں لاکھوں کا لشکر کہاں گیا جو ساتھ لے کر آئی تھیں ،بشریٰ بی بی کے ورکروں نے ان کی گاڑی پر پتھر اور ڈنڈے مارے تھے،کے پی کے فنڈز کو فوٹو سیشن اور تشہیر کے لیے استعمال کرنا شرم ناک ہے۔