جیکب آباد،جمس اسپتال میں بنیادی سہولیات کا فقدان

129

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد کی جمس اسپتا ل میں کرپشن اور ادویات کی بحران کے خلاف پیپلزپارٹی (ش ب ) کا 15روز بھی احتجاج جاری ،صرافہ چوک سے پریس کلب تک احتجاجی جلوس ،جمس کی کرپٹ مافیا کے خلاف نعرے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبا دکی جمس اسپتال میں کرپشن اورادویات کے بحران کیخلاف 15روز بھی احتجاج جاری رہا پیپلزپارٹی (ش ب )کی جانب سے صرافہ چوک سے پریس کلب تک احتجاجی جلوس ضلعی چیف آرگنائزر نور محمد منجھو ،ریاض لاشاری ،نثار ٹانوری ،معشوق مندرانی کی قیادت میںنکال گیا جس میںکارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر او رپلے کارڈتھے۔ مظاہرین نے جمس اسپتال کی کرپٹ مافیا کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اورپریس کلب کے سامنے دھرنا دیکر بیٹھ گئے جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہو گئی ،اور دونوں اطراف سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15روز سے جمس اسپتال میںکرپشن اور ادویات کے بحران کے خلاف سراپا احتجاج ہیںلیکن سندھ حکومت اور انتظامیہ پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ 60کروڑ سے زائد بجٹ رکھنے والے اسپتال میں مریضوں کو دینے کے لیے ادویات تک نہیںکرپٹ ٹولہ مریضوں کی ادویات کے پیسے بھی ہڑپ رہاہے جب تک مطالبا ت تسلیم نہیں کیے جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔دوسری جانب رہنمائوں نے شہر میں بے امنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں رہزنی چوری کی وارداتیں دن بہ دن بڑھتی جارہی ہیںعوام کی جان و مال محفوظ نہیں رہا۔ ایس ایس پی کو چاہیے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور امن کے قیا م کے لیے اقدامات کیے جائیں۔