قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

181

ہم اس بستی کے لوگوں پر آسمان سے عذاب نازل کرنے والے ہیں اْس فسق کی بدولت جو یہ کرتے رہے ہیں‘‘۔ اور ہم نے اْس بستی کی ایک کھْلی نشانی چھوڑ دی ہے اْن لوگوں کے لیے جو عقل سے کام لیتے ہیں۔ اور مَدیَن کی طرف ہم نے اْن کے بھائی شعیب کو بھیجا اْس نے کہا ’’اے میری قوم کے لوگو، اللہ کی بندگی کرو اور روزِ آخر کے امیدوار رہو اور زمین میں مفسد بن کر زیادتیاں نہ کرتے پھرو‘‘۔ مگر انہوں نے اسے جھٹلا دیا آخر کار ایک سخت زلزلے نے انہیں آ لیا اور وہ اپنے گھروں میں پڑے کے پڑے رہ گئے۔ (سورۃ العنکبوت:34تا37)

نبی اکرمؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: میرے بارے میں میرے بندے کا جو گمان ہو میں اس کے ساتھ ہوں اور وہ مجھے جہاں (بھی) یاد کرے میں اس کے پاس ہوتا ہوں۔ اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی توبہ پر تم میں سے ایسے آدمی کی نسبت بھی زیادہ خوش ہوتا ہے جسے چٹیل بیابان میں اپنی گم شدہ سواری مل جاتی ہے۔ (میرا) جو بندہ ایک بالشت میرے قریب آتا ہے، میں ایک ہاتھ اس کے قریب آ جاتا ہوں اور جو ایک ہاتھ میرے قریب ہوتا ہے، میں دونوں ہاتھوں کی پوری لمبائی کے برابر اس کے قریب ہو جاتا ہوں اور جو چلتا ہوا میری طرف آتا ہے، میں دوڑتا ہوا اس کے پاس آتا ہوں۔ (مسلم)