پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور راجہ بشارت ضمانت منظورہونے کے بعد رہا

186

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی، گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار ہونے والے عمر ایوب راجہ بشارت، ناصر چٹھہ سمیت 5 رہنماؤں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

عمر ایوب اور راجہ بشارت کے وکیل بابر اعوان سمیت دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست بعد از گرفتاری پر اپنے دلائل دیے۔

عدالت نے عمر ایوب اور راجہ بشارت سمیت 5 پی ٹی آئی رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ان گرفتاریوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پولیس کے پانچ افسران کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ۔ 

 عدالت نے سماعت کے موقع پر آئندہ 500 یارڈ کی جیل کی حدود کے اندر کسی ملزم کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

  بعد ازاں عدالتی کارروائی پوری ہونے کے بعد عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کر دیا گیا۔