پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما جاوید بدر نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے معافی مانگ لی۔
صدر مسلم لیگ ن کے نام لکھے خط میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر پنجاب جاوید بدر نے کہا کہ میں آپ سے اپنی گستاخیوں، الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر معافی مانگتا ہوں۔
جاوید بدر نے اپنے خط میں کہا کہ نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، جیل میں رکھا گیا، آپ میری غلطیوں کو ماضی کے دور کی جہالت اور کم عقلی سمجھ کر معاف کر دیں گے،پاکستان میں استحکام پیدا کرنے پر آپ کو اور آپ کی تمام ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
پی ٹی آئی کے سابق میڈیا کورآرڈینیٹر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ملکر قوم کے بچوں کی غلط سیاسی تربیت کی، ان بچوں کے والدین اور پوری قوم سے بھی معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو تب چھوڑا جب عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا گیا اور جب بشریٰ بی بی کو کرپشن کی کھلی اجازت دی گئی، تحریک انصاف کی حکومت نے فوج کے خلاف شر انگیزی کی، خزانہ خالی کیا اور انٹرنیشنل تعلقات خراب کیے ۔
جاوید بدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ خط کسی بیرونی دباؤ، لالچ یا ذاتی فائدے کے بجائے اپنے ضمیر کی آواز اور آخرت کے ڈر سے لکھا ہے، اللّٰہ تعالیٰ کا انصاف بر حق ہے، آپ کو دوبارہ عزت و مقام ملا۔