بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ میں بھاگنے والی عورت نہیں، ڈی چوک پر مجھے اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے چارسدہ کا دورہ کرکے ڈی چوک میں احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکنوں کے ورثا سے تعزیت کی اور ایک ایک کروڑ روپے کے چیک حوالے کیے۔
چارسدہ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں وہاں سے نہیں جا رہی تھی تو میری گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی، بہت سے لوگ گواہ ہیں، جو لوگ روڈ خالی کرا رہے تھے وہ بھی گواہ ہیں، مجھے ڈی چوک پر کارکنوں کے ساتھ اکیلا چھوڑ کر تمام سرکردہ رہنما فرار ہوگئے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ پٹھان ہمیشہ غیرت مند رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اس کا ثبوت دیا ہے ،خان کے لیے نکلنے والوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑ سکتی تھی، میں نے صرف آپ کو بتانا ہے کہ میں وہاں اکیلی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے سب نے چھوڑ دیا تھا، ساڑھے 12 بجے تک میں ڈی چوک میں اپنی گاڑی میں بالکل اکیلی تھی ،سمجھ نہیں آرہا تھا لوگ جھوٹ کیوں بول رہے تھے۔
سابق وزیرِ اعظم کی اہلیہ نے مزید کہا کہ کسی کو نہیں پتا تھا کہ میری گاڑی کون سی ہے ، وہ ڈی چوک زبردستی خالی کرارہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہادتوں کی وجہ سے بہت تکلیف میں تھی، پارٹی کارکن خان کے نام پر شہید ہوئے ہیں۔