حیدرآباد،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ٹیلنٹ فیسٹول کا آغاز ،مئیر کی شرکت

16

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں ٹیلنٹ فیسٹیول 2024 جاری ہے، ٹیلنٹ فیسٹیول میں 2 روزہ سائنسی نمائش کا آغاز ہو گیا ہے، میئر کاشف علی شورو نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا اور باری باری تمام اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میئر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے طلبہ و طالبات نہایت باصلاحیت ہیں، ٹیلنٹ فیسٹیول میں میں نے باری باری ہر اسٹال پر پروجیکٹ کا معائنہ کیا اور طلبہ سے اس کے متعلق سوالات کیے ہیں، یہ دیکھ کر کہ یہ پروجیکٹ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہے اور معاشرے کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں، ان پروجیکٹ سے ٹیکنالوجی کے میدان میں شہر اور ملک کو فائدہ ہوگا، خاص طور پر عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں میں سرکاری و نجی اداروں اور عام آدمی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ میئر نے اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں جاری بین الاقوامی کانفرنس ہال میں ماحولیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بین الاقوامی اسکالر کو سنا، منتظمین سے سوالات کیے اور کانفرنس کو سراہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے اس موقع پر کہا کہ جی سی یونیورسٹی حیدرآباد ہر سال ٹیلنٹ فیسٹیول کا انعقاد کرتی ہے، امسال چوتھا ٹیلنٹ فیسٹیول جاری ہے، فیسٹیول میں مختلف پروگرامات کے ذریعے طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے، فیسٹیول میں طلبہ و طالبات نے ٹیکنالوجی اور معاشرے کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے پروجیکٹ بنائے ہیں، یہ پروجیکٹ سستے بھی ہیں اور قابل عمل بھی ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ہم ایسے پروجیکٹ سامنے لانا چاہتے ہیں جن سے پوری سوسائٹی کو فائدہ ہو، یہ نمائش بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ٹیلنٹ فیسٹول میں طلبہ وطالبات نے مختلف پروجیکٹ قائم کیے تھے جن میں سیوریج سسٹم، ٹاؤن پلاننگ، ڈرپ اریگیشن، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر ٹیکنالوجی، بزنس آئیڈیاز پر مبنی کاروبار، ذہانت پر مبنی گیم، طبیعیاتی و ریاضیاتی اور کمیسٹری اُصولوں پر مبنی پروجیکٹ لگائے گئے تھے۔