کندھکوٹ: امن و امان کی ابتر صورتحال، جے یو آئی 18 دسمبر کو دھرنا دیگی

124

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) بڑھتی ہوئی بے امنی اور امن امان کی صورتحال ابتر ہونے پر جمعیت علماء اسلام ضلع کشمور کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولوی شمس الدین بھیری، جنرل سیکرٹری مولوی جمال الدین اوگاہی کی زیر صدارت ہوا، جس میں مولوی عبدالعزیز سمیجو، مولوی خان محمد ملک، مولوی عبدالکریم اوگاہی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ضلع میں بڑھتی ہوئی بے امنی، اسٹریٹ کرائم، بھتا مافیا، اغوا کر کے تاوان لے کر عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی بشیر احمد بروہی اور اس کی ٹیم امن و امان قائم کروانے کے لیے تیار ہی نہیں، عوام میں خوف طاری ہے۔ جے یو آئی ضلع کے ترجمان حافظ عرفان اللہ کھوسو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 18 دسمبر کو جے یو آئی کی جانب سے بڑھتی ہوئی بے امنی، امن و امان کی ابتر صورتحال کیخلاف ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، دھرنے کے حوالے سے کارکن تیاری کریں، جلد پُر ہجوم پریس کانفرنس کر کے امن و امان کی بحالی کی تحریک کا اعلان کیا جائے گا، دھرنے کی کامیابی کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں۔