حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ پرائمری اسکول سینٹرل جیل حیدرآباد میں جیل انتظامیہ اور اسکول کی جانب سے سندھی ثقافتی دن منایا گیا۔ سندھی کلچرل ڈے کے حوالے سے طلباء کی جانب سے ٹیبلوز پیش کیے گئے، جبکہ طلباء کی تیار کردہ پینٹنگز تقریب میں رکھی گئیں۔ ثقافتی دن کی مناسبت سے تقریب میں لوک گیت اور صوفی شاعری پیش کی گئی، طلباء و طالبات نے قومی لباس زیب تن کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ تقریب میںا سکول کی ہیڈ مسٹریس طیبہ حور قریشی اور طلباء و طالبات، مہمانوں میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری شہناز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بی بی فاطمہ، سینٹرل جیل حیدرآباد کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل عدنان جتوئی، اسسٹنٹ کمشنر نے شرکت کی۔ سپرنٹنڈنٹ جیل عارف ریاض اور ویمن ٹریننگ سینٹرل کی اسسٹنٹ عنبر میمن نے اس موقع پر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ثقافتی تقریب کے انعقاد کا مقصد طلباء و طالبات کی شرکت ہے، سندھی ثقافت کی اہمیت کو اُجاگر کرنا سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی پہچان ہے جسے نہ صرف سندھی بلکہ ہر قوم کے لوگ پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دنیا میں امن اور بھائی چارے کی مثال ہے جہاں کسی بھی قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے مہمان نوازی کے حوالے سے اپنا مقام حاصل کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے بہترین مصوری کرنے والے طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔