کنری (جسارت نیوز) سندھ میں علم کی شمع روشن کرنے والے بڑے تعلیمی ادارے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چلنے والے معروف تعلیمی ادارے سن شائن انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ٹیکنالوجی کرشنا کالونی میمن میں سندھ کی ثقافت کے حوالے سے شاندار رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلباء و طالبات ان کے والدین، مرد و خواتین اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب کے مہمان خاص تعلیمی ادارے کے مالک سکندر علی آریسر تھے، ادارے کے پرنسپل گوند کمار مہیشوری نے پروگرام میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا خوش آمدید کیا، سندھ کی ثقافت پہچان سندھی ٹوپی اور اجرکیں زیب تن کرکے اسکول کے طلباء و طالبات نے اپنی تقاریر، قومی گیتوں اور ٹیبلوز میں سندھ کی ثقافت کے رنگ بکھیر کر شرکاء سے خوب داد وصول کی، طلباء و طالبات نے قومی گیتوں پر شاندار رقص بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سکندر آریسر نے کہا کہ سندھ کی ثقافت پوری دنیا میں اپنا خاص اور نمایاں مقام رکھتی ہے، ٹوپی، اجرک ہمارا فخر اور ہماری پہچان ہے، سندھ دھرتی کے لوگ امن پسند، پیار اور محبت کرنے والے ہیں، یہاں کی مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے، ہم سندھ کی ہزاروں سال قدیم تہذیب کے وارث ہیں۔