مٹیاری (نمائندہ جسارت) مٹیاری کے نزدیک قومی شاہراہ پر نیا ٹول پلازہ بنانے کا منصوبہ، عوامی ردِعمل کے بعد ڈپٹی کمشنر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو خط لکھ کر عوامی خدشات کا اظہار کر دیا۔ مٹیاری کے نزدیک قومی شاہراہ پر نیا ٹول پلازہ بنانے کی خبروں کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے عوامی ردِ عمل کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی کراچی کے ڈائریکٹر کو خط لکھ دیا۔ ڈی سی دفتر کے ذرائع کے مطابق خط میں ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ مٹیاری نیشنل ہائی وے کی حالت انتہائی خستہ ہے جس کے باعث آئے روز حادثات معمول بن گئے ہیں، گزشتہ 3 ماہ کے دوران 111 روڈ حادثات ہوئے، جن میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 77 زخمی ہوئے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں نیو سعیدآباد کے مقام پر پہلے ہی ٹول پلازہ بنا ہوا ہے جس سے ٹیکس لیا جا رہا ہے، اگر ضلع میں ایک اور ٹول پلازہ بنایا گیا تو عوام مزید ٹیکس کا بوجھ برداشت نہیں کر سکیں گے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔ خط میں مزید لکھا گیا کہ ٹول پلازہ بنانے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ کو لاعلم رکھا گیا ہے، اس لیے یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ مٹیاری ضلع میں مزید ٹول پلازہ نہ بنایا جائے۔