حیسکو افسران نے شہر کو اندھیرے کے دور میں پہنچادیا،حافظ طاہر مجید

165

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید اور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی حیدرآباد محمد حنیف شیخ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موسم سرما میں بھی بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر دکھ دی ہے، سردیوں کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے سے شہری پریشان ہیں حیسکو کی جانب سے معمول کی لوڈ شیڈنگ سے ہٹ کر، موسم سرد ہونے کے باوجود کئی کئی گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے جس کی وجہ سے بجلی سے منسلک چلنے والی چھوٹی اور بڑی صنعتیں غرض تمام کاروبار بند ہو جاتا ہے، حیسکو کے افسران نے من مانیاں کرتے ہوئے شہر کو اندھیرں کے دور میں پہنچا دیا ہے حیدرآباد کے اکثر رہائشی علاقوں میں کئی کئی روز سے بجلی کی فراہمی کی بندش تشویشناک ہے، بجلی کی
طویل لوڈشیڈنگ سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہے، انہوں نے کہا کہ حیسکو اہلکاروں نے رشوت خوری کو باقاعدہ کاروبا ر کھول رکھا ہے جسے حیسکو کے اعلیٰ حکام کی سرپرستی حاصل ہے۔ حیسکو نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن کردیا، بجلی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، اداروں کی عدم توجہ اور نااہلی کی وجہ سے بجلی فراہمی کے اداروں و کمپنیز نے عوام کا جینا محال کیا ہوا ہے اور خلق خدا کا کوئی پرسان حال نہیں،ضلع حیدرآباد میں بجلی کی تاریں لٹک رہی ہیں اور بیشتر مقامات پر پول کئی ماہ سے ٹیڑھے ہوچکے ہیں جو کسی بھی وقت زمیں بوس ہوسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں یومیہ گھنٹوں بجلی کی بندش کی جارہی ہے،حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی انتظامیہ وعملے نے موسم سرما میں بھی شہریوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،حیسکو کی جانب سے صبح سے رات گئے تک یومیہ کئی گھنٹے شیڈول کے مطابق بجلی بند کی جارہی ہے، اس کے علاوہ 3سے 4گھنٹے فالٹ کا جواز پیش کرکے مزید بجلی کی بندش کو طول دیا جارہا ہے۔ مگر محکمہ حیسکو کے لوگوں کی کرپشن کی وجہ سے پورے شہر میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حیسکو انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر جماعت اسلامی حیسکو کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی۔
حافظ طاہر مجید