راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک )لیک سٹی پینتھرز اور نورپور لائنز بحریہ ٹائون چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہیں جو 7 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں نہ صرف ٹائٹل جیتنے کا حتمی مقصد حاصل کرنا چاہتی ہیں بلکہ کھلاڑیوں کو تیار کرنا بھی چاہتی ہیں۔لیک سٹی پینتھرز کے مینٹور ثقلین مشتاق کا کہنا کہ ہم جانتے ہیں کہ فارمیٹس مختلف ہیں اور ہم پچاس اوورز کے فارمیٹ سے اس چھوٹے فارمیٹ میں آ رہے ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ کھلاڑیوں کو جو رول دیے گئے ہیں اس کے پیش نظر میرے کھلاڑی دلچسپ کرکٹ کھیلیں گے اور اگر وہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کھیلے تو اس صورت میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ ثقلین مشتاق 2021 اور 2022 کے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو سیمی فائنل اور رنر اپ تک کی کوچنگ کرچکے ہیں۔شاداب خان ایک مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی قیادت کر رہے ہیں ان کے ساتھ شرجیل خان ٹاپ آرڈر میں ہیں لیکن یہ ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ عبدالواحد بنگلزئی اور عمر صدیق دو جارحانہ بیٹرز ہیں جو لیک سٹی پینتھرز کو شاندار آغاز دے سکتے ہیں۔ پاکستان اسٹارز حیدر علی، دانش عزیز، شاداب اور اسپن بولنگ آل رائونڈر مبصر خان سلوگ اوورز میں بیٹنگ کو متحرک کرسکتے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے والی کارکردگی اور قائد اعظم ٹرافی میں27وکٹیں لینے والے ساجد خان بھی وائٹ بال کرکٹ میں اپنا نام بنانے کے لیے بے چین ہیں۔