بلاوایو میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کامران غلام نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے130 منٹ میں99 گیندوں پر10 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے103 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انکی اس سنچری کی بدولت پاکستان نے مقررہ50 اوور میں6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے 7ویںایک روزہ بین الاقوامی میچ کی تیسری اننگ میں اپنی پہلی سنچری بنائی ۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں اکتوبر2024 میں اپنے ٹیسٹ کیر ئیر کا آغاز کیا تھا جس میں پاکستان کی پہلی اننگ میں وہ306 منٹ میں224 گیندوںپر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے118 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
کامران غلام زمبابوے کے خلاف پاکستان کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے والے17ویںبلے باز ہیں پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف ابھی تک27 سنچریاں اسکور ہوئی ہیں۔ امام الحق اور محمد یوسف نے3,3سنچریاں بنائی ہیں جبکہ بابر اعظم، ٖفخرزمان، اعجاز احمد، عمران نذیر، محمد حفیظ، سلیم الہی اور سعید انور نے 2,2 سنچریاں بنائی ہیں۔ عامر سہیل، عبدالرزاق، اظہر علی، فیصل اقبال، انضمام الحق، صائم ایوب ،کامران غلام اور شعیب ملک نے ایک، ایک مرتبہ 100رنز سے بڑی اننگ کھیلی ہے۔
عامر سہیل زمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز تھے۔ انہوں نے ہوبرٹ میں27 فروری1992 کو178 منٹ میں136 گیندوں پر12 چوکوں کی مدد سے114 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو 53 رنز کی جیت دلانے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔
سعید انور زمبابوے میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے والے پاکستانی بلے باز تھے۔ بائیں ہاتھ کے اس افتتاحی بلے باز نے ہرارے میں22 فروری1995 کو ہوئے میچ میں194 منٹ میں131 گیندوںپر 6 چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر103 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ یہ میچ ٹائی رہا تھا اور سعید انور اننگ کی ابتدا سے انتہا تک ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ پاکستان کے آئوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی وسیم اکرم تھے جوپلاسٹر کے ساتھ بلے باز کرنے آئے تھے ۔وہ پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہوگئے تھے۔ اگر وہ اس گیند پر یا اس سے اگلی گیند پر ایک رن بنالیتے تو پاکستان یہ میچ ایک وکٹ سے جیت سکتا تھا۔ انہوں نے سعید انور کی سنچری بنانے میں مدد ضرور کی۔
پاکستان کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں صرف ایک ڈبل سنچری اسکور کی گئی ہے اور یہ ڈبل سنچری زمبابوے کے خلاف اسکور کی گئی ہے۔ فخر زمان نے بلاوایو میں20 جولائی 2018 کو221 منٹ میں156 گیندوں پر24 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے
آئوٹ ہوئے بغیر210 رنز بنائے تھے۔ انکی اس ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے مقررہ50 اوور میں ایک وکٹ پر 399 رنز بنائے تھے جو پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ہی نہیں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی سب سے بڑا اسکور ہے۔زمبابوے کو 42.4 اوور میں155 رنز پر آئوٹ کرنے کے بعد پاکستان نے اس میچ میں244 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جوپاکستان کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں زمبابوے کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی اور کل ملاکر دوسری سب سے بڑی جیت تھی۔