کراچی(اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے مطالبہ کیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن گلشن ضیا فیس 2 میں لوڈ شیڈنگ فوری طور پر بند کی جائے اور یہاں کی کاٹیج انڈسٹری کو پنپنے دیا جائے، یہ مطالبہ انہوں نے آج اسمال ٹریڈرز سیکرٹیریٹ میں گلشن ضیا ء کاٹیج انڈسٹریز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے اور اس بے روزگاری کی ایک بڑی وجہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار ہے، کے الیکٹرک ایک جانب چار گناہ بل بھیج کر لوٹ مار کر رہی ہے دوسری جانب ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کر کے کاٹیج انڈسٹری کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور عوام کو بھوکا ماراجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ہم کے الیکٹرک کی آئی بی سیز کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم کا نوٹس لیں اور کے الیکٹرک کے ظالمانہ کاروائیوں کی روک تھام کریں۔گلشن ضیا کاٹیج انڈسٹری کے رہنماؤں ریحان صدیقی، عامر متین نے اسمال ٹریڈر کے صدر محمود حامد کو آگاہ کیا کہ ہماری چھوٹی سی انڈسٹری ہے اور گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہمارے مزدور فارغ بیٹھے رھتے ہیں۔