وائس آف سائوتھ ایشیاء جامعہ کراچی میں شجرکاری مہم میں معاونت کریگا

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وائس آف ساؤتھ ایشیاء نے اپنی سوشل کارپوریٹ ریسپانسبلیٹی (سی ایس آر) کے تحت جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ ِ عامہ میں شجرکاری منصوبے میں معاونت کی ہے۔ڈبلیو ڈبلیو ایف کی طرف سے شعبہِ ابلاغِ عامہ کے عقبی حصے میں4 ہزار درخت لگائیں جائیں گے۔ اس ضمن میں گزشتہ دنوں جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغِ عامہ(ماس کمیونی کیشن )کے سرور نسیم ہال میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کی میزبانی ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر عصمت آرا نے کی۔ وائس آف ساؤتھ ایشیاء￿ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زاہد رانا کراچی بیورو کی ٹیم کے ہمراہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اس موقع پر طلباء کو وائس آف ساؤتھ ایشیاء کی ٹرانسمیشن کی جھلکیوں پر مبنی ایک شو ریل بھی دکھائی گئی۔تقریب سے وائس آف ساؤتھ ایشیاء کے سی ای او زاہد رانا نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خبر نگاری کے ساتھ ساتھ پروڈیکشن کے طریقہ کار جس میں کیمرے کا استعمال اور ویڈیو ایڈیٹنگ شامل ہے اس میں بھی مہارت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ان کامزید کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے اس لیے فیلڈ میں آنے والے نئے طلباء کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود جدید تکنیک اور تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔اس موقع پر زاہد رانا نے شعبہ ابلاغِ عامہ کے طلباء کے لیے انٹرنشپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔طلبہ و طالبات کو تین ماہ کے دورانیے پر مشتمل انٹرنشپ میں خبر نگاری،سب ایڈیٹنگ، کیمرہ ہینڈلنگ،پوسٹ پروڈیکشن سمیت سوشل میڈیا کے استعمال کی بھی تربیت فراہم کی جائے گی ۔ طلباء نے اپنے شعبے کے لیے وائس آف ساؤتھ ایشیاء کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر میں ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر عصمت آرا نے وائس آف ساؤتھ ایشیاء کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زاہد رانا کی شجرکاری مہم میں معاونت اور طلباء کیلیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے پر اظہارِ تشکر کیا اور انہیں شعبہِ ابلاغِ عامہ کی طرف سے تعریفی شیلڈ پیش کی۔