منیلا:سمندری کچھوا کھانے کے بعد تین افراد ہلاک اور درجنوں حالت غیر ہونے کے سبب اسپتال داخل کرا دیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فلپائن میں سمندری کچھوا جس کی نسل معدنیت کے خطرے سے دوچار ہے، کھانے سے 3 افراد ہلاک ہو گئے اور 32 بیمار ہوگئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اتوار کے روز ٹیڈورے نامی مقامی برادری نے ایک کچھوے کو شکار کرنے کے بعد پکا کر کھا لیا، جس کے بعد ان سب کی حالت غیر ہو گئی اور انہیں اسپتال جانا پڑا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی معدومیت کے شکار کچھوے کا گوشت آلودہ کائی کھانے کی وجہ سے زہریلا تھا، جسے کھا کر لوگ اسپتال پہنچے۔
کچھوے کا شکار کرنے کے بعد متاثرہ افراد نے اپنے پالتو کتوں، بلیوں یا مرغیوں کو بھی اس کا گوشت کھلایا، جن میں سے بیشتر ہلاک ہو گئے۔
واضح رہے کہ فلپائن میں سمندری کچھووں کے شکار اور انہیں پکا کر کھانے پر پابندی ہے تاہم کچھ علاقوں میں اس پابندی کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔