راولپنڈی: 9 مئی کو جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت 60 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔
عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے۔