راہول کمار کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے‘ کاشف شیخ

243

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے گلستان جوہر کے علاقے میں سینئر صحافی اور سندھی روزنامہ سندھ کے ایڈیٹر مہیش کمار کے رشتے دار انجینئر راہول کمار کو اپنے فلیٹ گلستان جوہر میں بیدردی سے قتل کرنے کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کراچی سے تا کشمور تک پورے سندھ میں رہزنوں،
ڈاکوؤں اور قاتلوں کا راج ہے، لٹیرے روزانہ کئی شہریوں کو اپنے موبائل سمیت قیمتی اشیا سے محروم کر رہے ہیں مزاحمت پر ان کو قتل کردیا جاتا ہے۔ بدامنی کا یہ عالم ہے کہ شہری گھر دفتر اور سڑکوں پر محفوظ نہیں ہیں۔ رواں ماہ ایک سو سے زاید افراد کو مزاحمت پر قتل اور 375 کو زخمی کردیا گیا۔ کرائم کے 75 ہزار سے زاید واقعات رپورٹ ہوئے17 ہزار موبائل فون اور 47ہزار گاڑیاں چھینی گئیں، یہ صورت حال صرف شہر کراچی کی ہے باقی سندھ کے عوام کس اذیت سے دوچار ہوں گے۔کراچی جیسے شہر میں شکارپور کے رہائشی انجینئر راہول کا قتل حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔ دریں اثنا سینئر رہنما اسد اللہ بھٹو اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی روزنامہ سندھ اخبار کے ایڈیٹر مہیش کمار سے فون پر رابطہ کر کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور قاتلوں کو گرفتار کر کے غمزدہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔