کرم میں کالعدم تنظیموں نے سیکڑوں گھر جلا دیے،ان کیخلاف آپریشن کیا جائے،مظاہرین کا احتجاج

80

کرم / ہنگو (مانیٹرنگ ڈیسک + صباح نیوز) کرم کے عوام نے کالعدم تنظیموں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علاقے کو اسلحے سے پاک کرنے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا جبکہ ہنگو میں گرینڈ جرگہ کے مشترکہ اجلاس میں ٹل-کوہاٹ روڈ پر آئندہ کوئی بھی احتجاج نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ،یہ بات بھی طے کی گئی کہ خلاف ورزی کرنے پر پولیس
قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے عوام نے علاقے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کرم میں کالعدم تنظیموں کی جانب سے بہت ظلم کیا گیا، بگن، بادشاہ کوٹ اور دیگر دیہات میں ہزار سے زاید گھروں کو جلایا گیا، بگن بازار میں اربوں روپے مالیت کی دکانوں کو بھی جلایا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کرم کو مکمل طور پر اسلحے سے پاک کیا جائے، کرم میں جلد سے جلد امن قائم کیا جائے، کرم میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے ہنگو اور اورکزئی کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کے ہمراہ ہنگو میں گرینڈ جرگہ کے ارکان اور کوہاٹ ڈویژن امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی جس میں اہم مشاورت کی گئی۔ ہنگو میں گرینڈ جرگہ کے مشترکہ اجلاس میں ٹل-کوہاٹ روڈ پر آئندہ کوئی بھی احتجاج نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا جس میں یہ بات بھی طے کی گئی کہ خلاف ورزی کرنے پر پولیس قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کرے گی جبکہ کرم کے مسئلے پر ہنگو، کوہاٹ اور اورکزئی میں کسی قسم کے جلسے یا جلوس نہیں ہوں گے۔ گرینڈ جرگہ کے مشترکہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کرم کے دونوں فریق اور گرینڈ جرگہ عنقریب کوہاٹ میں معقول جنگ بندی پر معاہدہ کریں گے اور افہام و تفہیم سے مسئلہ کا مستقل حل نکالیں گے۔