عمران خان کا نظریہ گولی  مارنے سے ختم نہیں ہوگا، زرتاج گل

111

پشاور:پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ ان لوگوں نے گولیاں چلا کر لاشیں غائب کی ہیں، عمران خان کا نظریہ گولی مارنے سے ختم نہیں ہوگا۔

ہائی کورٹ میں پیش ہونے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ وفاقی حکومت کو شرم آنی چاہیے۔ مجھ پر چپل، موٹر سائیکل اور کمبل چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ خواتین پر انہوں نہ اسلحہ لہرانے اور تھانوں پر حملوں کے مقدمے درج کردیے ہیں۔

زرتاج گل کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر کو گرفتار کرکے ہم سے جیلوں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں۔ ہمارا مینڈیٹ بھی چھین لیا گیا ہے۔عمران خان کی رہائی کے لیے اور 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھی احتجاج کرنے کا حق نہیں مل رہا۔ یہاں لوگوں کو شہید اور شہریوں کو غائب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے گولیاں چلا کر لاشیں غائب کی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا نظریہ گولی مارنے سے ختم نہیں ہوگا۔ پوری حکومتی مشینری استعمال کر کے ہمیں روکنے کی کوشش کی گئی۔ ان پڑھ وزیر اعلیٰ پنجاب کے راستے کھول دیتی تو پتا چلتا کتنے لوگ آتے۔

قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ میں زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت درخواست پر سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی، جس میں عالت نے زرتاج گل کو 21 دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کاحکم جاری کردیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم حفاظتی ضمانت دیتے ہیں، مقدمات کی تفصیل کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔ بعد ازاں عدالت نے زرتاج گل کو 21 دن کی حفاظتی ضمانت دے دی۔