کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 5 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی اوپر آ گیا۔
بدھ کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز 717 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 105276 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔
بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور سرمایہ کاروں کے پی ایس ایکس میں کاروبار پر بھرپور اعتماد کے نتیجے میں 545 پوائنٹس کے مجموعی اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 105104 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے اسٹاک ایکسچینج پر مجموعی طور پر مثبت رجحان غالب ہے ، اس دوران پی ایس ایکس میں بلندی کے کئی ریکارڈز بھی قائم ہوئے ہیں۔