مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ہماری تحریک جاری ہے ابھی ختم نہیں ہوئی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ میں ہمیشہ مذاکرات کا حامی رہا ہوں ،گولیوں اور ڈنڈوں سے معاملات ٹھیک نہیں مزید خراب ہوتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہم نے تو تحریک طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات کیے ہیں، طالبان کے ساتھ بھی مذکرات کی بات میں نے ہی کی ہے،ہمارے خلاف جعلی مقدمات درج کیے گئے ہیں، میرے خلاف بھی 6 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ اسلام آباد جانا ہر شہری کا حق ہے ،جعلی حکومت کے خاتمے تک احتجاج کریں گے، بانئ پی ٹی آئی کا واضح بیان ہے کہ احتجاج جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا جلوس احتجاج یہ سب ایک تحریک کا حصہ ہوتا ہے اور کہیں پر بھی احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، ہم نے احتجاج کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔