جنوبی افریقا ٹور:پاکستان کے ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈز کا اعلان

155
the second ODI against Zimbabwe

لاہور:پاکستان نے جنوبی افریقا ٹور کے لیے ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈز کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ ٹیم میں سابق کپتان بابراعظم کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ محمد رضوان، صائم ایوب اور سلمان علی آغا تینوں فارمیٹس میں  کھیلیں گے۔

اسی طرح فاسٹ بالر نسیم شاہ کو ٹیسٹ او رون ڈے کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا ٹور میں 3 ون ڈے انٹرنیشنل، 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2  ٹیسٹ میچ شامل ہیں۔ 10 دسمبر کو شروع ہونے والے میچز  میں سب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں ٹیسٹ میچز کا انعقاد ہوگا۔

پی سی بی کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ شاہین آفریدی کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے طور پر وائٹ بال کے میچز کےلیے چنا گیا ہے تاکہ وہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025ء کےلیے اپنی فٹنس اور فارم قائم رکھ سکیں۔

جنوبی افریقا ٹور کے لیے پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کے کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل ہوں گے۔ ان کے علاوہ عامر جمال، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر )، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

اسی طرح قومی ٹیم کے ون ڈے اسکواڈ کی کپتانی محمد رضوان (وکٹ کیپر) کریں گے۔ ان کے علاوہ عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دورہ افریقا میں قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کپتان محمد رضوان (وکٹ کیپر) ہوں گے اور دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔