کراچی:ارکان سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ کراچی میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، یہاں کوئی قانون ہی نہیں ہے، نہ کوئی نیپرا قانون پر عمل کروا رہا ہے۔
سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس فیاض بٹ کی صدارت میں ہوا، جس میں سیپکو، حیسکو اور کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹوز شریک ہوئے۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور دیگر کمیٹی ارکان بھی موجود تھے۔
دورانِ اجلاس ارکان اسمبلی اور کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کے درمیان تلخی بھی ہوئی۔
سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے رکن عامر صدیقی نے کہا کہ کراچی میں14 گھنٹوں تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، یہاں لوڈ شیڈنگ کا کوئی قانون ہی نہیں ہے نہ ہی نیپرا قانون پر کوئی عمل کروا رہا ہے۔
کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کہا کہ جہاں پر بل جمع نہیں ہوگا وہاں 18 گھنٹے بھی لوڈ شیڈنگ ہو سکتی ہے۔ 30 سے 40 فیصد لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کرتے۔ ہم ہزاروں لوگوں کی بجلی کاٹ نہیں سکتے ۔ ہم بجلی کاٹنے جاتے ہیں تو ہمارے ملازمین پر حملے ہوتے ہیں۔