کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کاکہنا ہےکہ جماعت اسلامی مادرِ علمی جامعہ کراچی کے45ہزار طلبہ و طالبات کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور سندھ حکومت کو بھی اپنی من مانی نہیں کرنے دے گی۔
جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیرسے جامعہ کراچی کے طلبہ کے ایک وفد نے ملاقات کی،وفد کی قیادت جامعہ کراچی طلبہ الائنس کے کامران سلطان غنی نے کی، وفد میں اسلامی جمعیت طلبہ، پی ایس ایف، پی ایس اے، آئی ایس او، اے پی ایم ایس او کے نمائندے شامل تھے۔
طلبہ کے وفد نے جامعہ کراچی میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ و طالبات کو درپیش مسائل و مشکلات بالخصوص دیگر جامعات کے مقابلے میں فیسوں میں بے تحاشہ اضافے، پوائنٹس کی انتہائی قلت، مختلف شعبہ جات کو ختم کرنے اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹوں اور ٹینکروں کی وجہ سے اموات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
سیف الدین ایڈوکیٹ نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات سمیت اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اُٹھائی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جامعہ کراچی کے طلباء کی فیسوں میں فوری طور پر کمی کر کے ان فیسوں کو سندھ یونیورسٹی کی فیسوں کے مساوی کیا جائے۔ سندھ حکومت جامعہ کراچی اور دیگر جامعات کے درمیان اپنا دہرا معیار ختم کرے، جامعہ کراچی کی گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔