چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان پر ہائبرڈ ماڈل مسلط کرنے کے خواہشمند بھارت نے خود اپنے لیے اس فارمولے کو مسترد کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کے 2031 تک بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کے لیے کے لیے خود ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا۔ اس سلسلے میں بھارت کا مؤقف تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں گئی تو پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں جائے گی کیوں کہ سیکورٹی کے ممکنہ مسائل کی وجہ سے حکومت اجازت نہیں دے گی۔
بعد ازاں اب بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے خود یہ مؤقف اختیار کرلیا ہے کہ بھارت میں سیکورٹی سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں ہے، لہٰذا آئی سی سی کا کوئی بھی ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر منعقد نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا وفد پاکستان میں اسٹیڈیمز کی تعمیرات اور سیکورٹی کے حوالے سے اپنا جائزہ مکمل کر چکے ہیں، جس پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا تاہم بھارت نے سیکورٹی کا بہانہ بناتے ہوئے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی چیمپئنز ٹرافی کی مکمل میزبانی کرنے پر قائم ہے جب کہ ہائبرڈ کی صورت میں دو ٹوک موقف پر قائم ہے کہ 2031 تک تمام ایونٹس جو بھارت میں ہوں گے انہیں بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروایا جائے گا، جس پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔