لاہور: قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا انعام دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے کے انعام کا چیک پیش کیا۔
چیئرمین پی سی بی کی جانب سے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے انعام کا چیک دینے کے ساتھ 2 کروڑ روپے کے اخراجات کی ادائیگی بھی کردی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے مختصر وقت میں اپنی ٹیموں میں بہتری لانے کی ہرممکن کوشش کی ہے ۔ جیسے پاکستانی شاہین، ویمن کرکٹ اور انڈر 19 اہم ہے، اسی طرح ہمارے لیے بلائنڈ کرکٹ بھی اہم ہے۔ سی ای او کو کہہ دیا ہے کہ ہم اونر شپ دیں گے، سب کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جائے گا۔ کسی بھی کھلاڑی کو مدد کی ضرورت ہوگی تو ہم آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ بھی بلائنڈ کرکٹ ٹیم میچز جیتنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اسی طرح چیمپئنز ٹرافی اور دیگرمیگا ایونٹس میں امید ہے پاکستان کامیابیاں حاصل کرے گا۔
محسن نقوی نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو تمام 7 میچز جیتنے اور ناقابل شکست رہنے پر مبارک باد پیش کی۔