بشریٰ بی بی کا سیاست  کرنے کا ارادہ نہیں، کارکنوں کیلیے احتجاج کا حصہ بنتی ہیں، بیرسٹر گوہر

100

ایبٹ آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وہ صرف کارکنوں کے لیے احتجاج کا حصہ بنتی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میں ایبٹ آباد میں شہدا کے گھروں پر حاضری کے لیے آیا ہوں۔ ہم شہدا کے لیے مالی امداد اور ان کے  خاندان کو ملازمتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مطابق ہمارے 900 کارکن گرفتار ہیں، ہم بھی پورے پاکستان سے ڈیٹا اکٹھا کررہے ہیں۔ جیل میں قید لوگوں کے کھانے پینے اور بستر  کا بندوبست کریں گے۔ احتجاج کی پالیسی بنانے کے لیے بھی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گولی تو چلی ہے، اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ہم شہدا کے مقدمات درج کرنے کے لیے رٹ پٹیشن بھی دائر کریں گے۔

عمران خان کی اہلیہ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وہ صرف کارکنوں کے لیے احتجاج میں شامل ہوتی ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کبھی پی ٹی آئی احتجاج میں سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ارکان اسمبلی کے ساتھ شہید کارکن کی قبر پر گئے اور فاتحہ خوانی کی۔