برطانیہ نے بنگلا دیش کے بگڑتے ہوئے حالات کے تناظر میں ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برطانوی باشندے ناگزیر ضرورت کے سوا بنگلا دیش جانے سے گریز کریں۔
یہ ٹریول ایڈوائزری بنگلا دیش میں سیاسی اور معاشرتی سطح پر پائے جانے والے عدمِ استحکام کے پیشِ نظر جاری کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ چھ ماہ قبل چلائی جانے والی طلبہ تحریک کے سے حالات کسی نہ کسی صورت اب بھی موجود ہیں۔ ملک بھر میں پُرتشدد واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ایسے میں برطانوی شہریوں کو بنگلا دیش کے سفر سے گریز کرنا چاہیے اور جو برطانوی باشندے بنگلا دیش میں موجود ہیں وہ اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد کہیں بھی کسی بھی وقت کوئی بڑی واردات کرسکتے ہیں اس لیے احتیاط لازم ہے۔ برطانوی باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے بازاروں میں جانے سے گریز کریں جہاں غیر ملکی بڑی تعداد میں جاتے ہیں اور سیاسی ریلیوں یا مذہبی مقامات پر جانے سے بھی گریز کیا جائے۔