گجرانوالہ:انسداد دہشتگردی عدالت نے یاسمین راشد، حماد اظہر اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیرآباد حملہ کیس میں عدالت میں حاضر نہ ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے 6 رہنماؤں سمیت 14 گواہوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ہونے والی سماعت میں پولیس نے وزیرآباد حملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید مہر کو پیش کیا جب کہ گواہوں کی شہادتیں بھی سماعت کے دوران ریکارڈ کی گئیں۔ عدالت نے میڈیکل کرنے والے ڈاکٹرز کو بھی بیان حلفی کے لیے طلب کیا۔
بعد ازاں عدالت نے شہادت کے لیے نہ آنے پر تحریک انصاف کے 6 رہنماؤں حماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت 14 گواہوں کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے 11 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔