سانگھڑ(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ اور ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ سندھ سانگھڑ غلام شبیر میمن کی جانب سے مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے افسران نے شرکت کی ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد عوامی شکایات کا جلد ازالہ کرنا ہے اور تمام افسران کو چاہیے کہ ان کے ملازمین اور عوام کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ اور ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی خدمات میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور شکایات کو مقررہ وقت کے اندر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔اس موقع پر مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں صحت، تعلیم، زراعت، اور بلدیاتی خدمات شامل تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے حل کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ عوام کے مسائل جلد حل ہوسکیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 2 مولا داد درانی، ایکسیئن ڈرنیج اختر علی خاصخیلی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جمشید قائم خانی، پاپولیشن آفیسر خالدہ بی بی، ڈپٹی ڈائریکٹر حقوق نسواں حنا خان سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔