شکارپور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کا فرقانیہ ہال میں ہر سطح کے ضلعی ذمے داران کا اجلاس ضلعی امیر عبدالسمیع بھٹی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں دیگر دعوتی و تنظیمی امور کے علاوہ 8 دسمبر کو سندھ دریا سے 6 نئے نہریں نکال کر پانی پر ڈاکا ڈالنے والے وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف ’’دریا بچاؤ سندھ بچاؤ پیدل مارچ‘‘ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ مارچ کی قیادت جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ کریں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری امداد اللہ بجارانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ دریا سندھ والوں کی زندگی ہے، جماعت اسلامی اس کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے 8 دسمبر کو جماعت اسلامی کے ’’دریا بچاؤ سندھ بچاؤ پیدل مارچ‘‘ میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی۔