ملتان(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان نے پہلی بار بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 10وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان کے شہر ملتان میں چوتھے بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل کھیلا گیا جس میں بنگلا دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 140رنز کا ہدف دیا ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 140 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 10.2 اوورز میں ہی پورا کرکے چوتھا بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا۔بنگلا دیش بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عارف حسین 54 رنز بناکر نمایاں رہے، ایم ڈی سلمان 31، عاشق الرحمان 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے بابر علی نے 2، محمد سلمان، مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد صفدر اور نثار علی نے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10.2 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے قومی ٹیم کو چمپئن بنوادیا۔چوتھے بلائنڈ ٹی20ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں بنگلا دیش نے سری لنکا کے خلاف 6 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی بار بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور قومی ٹیم پورے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہی، اس سے قبل کھیلے گئے تینوں ٹی20 ورلڈکپ بھارت نے جیتے تھے۔دوسری طرف صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں بنگلا دیش کو 10 وکٹ سے ہرانے پر ٹیم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، صدر مملکت نے کہا معذوری کے حامل افراد بھی کھیل کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔خصوصی کھلاڑیوں نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوںنے کہا کہ کھیل سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی شمولیت بڑھانا ہوگی، صدر مملکت خصوصی افراد کو آگے بڑھنے ، ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔