صائم ایوب کی تیز ترین سنچری

31

زمبابوے کے خلاف بلاوایو میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کی 10 وکٹوں کی جیت میں افتتاحی کھلاڑی صائم ایوب نے ایک اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی اننگ میں75 منٹ میں62 گیندوں پر 17 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 113 رنز بنائے جو اس قسم کی کرکٹ میں5ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی5ویں اننگ میں پہلی سنچری تھی۔ اس سے پہلے ان کا سب سے زیادہ اسکور91 منٹ میں71 گیندوں پر5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے82 رنز تھا جو انہوں نے آسڑیلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں 8 نومبر2024 میں بنا یا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے آسڑیلیا کے خلاف 9 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی تھی۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے صائم ایوب نے اپنی سنچری53 گیندوں پر16 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے مکمل کی تھی جو شاہد آفریدی کے بعد پاکستان کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز اور کل ملاکر مشترکہ طور پر چوتھی سب سے تیز سنچری تھی۔
پاکستان کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا اعزاز شاہد آفریدی کے پاس ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف نیروبی میں4 دسمبر1996کو ہوئے میچ میں اپنی102 رنز کی اننگ میں 100رنز 37 گیندوں پر مکمل کئے تھے۔ تب یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری تھی اب یہ تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔ انہوں نے50 منٹ میں 6 چوکوں اور11 چھکوں کی مدد سے102 رنز بنائے تھے۔

بھارت کے خلاف کانپور میں15 اپریل2005 کو جب76 منٹ میں 46 گیندوں پر10 چوکوں اور9 چھکوں کی مدد سے102 رنز بنائے تھے تو اپنی سنچری45 گیندوں پر مکمل کی تھی۔ سنچری مکمل کرتے ہی وہ اگلی گیند پر آئوٹ ہوگئے تھے۔ انکی اس شاندار اننگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کے خلاف اس میچ میں 5وکٹوں سے جیت اپنے نام کی تھی۔
بنگلا دیش کے خلاف دمبولہ میں21 جون2010 کو ہوئے میچ میں دھواں دھار بلے باز شاہد آٖفریدی نے جب75 منٹ میں60 گیندوں پر 17 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے124 رنز بنائے تھے تو اپنی سنچری53 گیندوں پر مکمل کی تھی۔ یہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیسری سب سے تیز سنچری تھی ۔ صائم ایوب نے اس سنچری کی برابری کی ہے۔صائم ایوب کی یہ سنچری زمبابوے کے خلاف زمبابوے میں سب سے تیز اور کل ملاکر دوسری سب سے تیز سنچری تھی۔ زمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میںسب سے تیز سنچری بنانے کا ریکاڑد جنوبی افریقا کے مارک بائوچر کے پاس ہے جنہوں نے20 ستمبر2006 کو پوچیفسٹروم میں ہوئے میچ میں جب90 منٹ میں68 گیندوں پر8 چوکوں اور10 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر147 رنز بنائے تھے تو اپنی سنچری44 گیندوں پر مکمل کی تھی۔ انکی اس شاندار اننگ کی بدولت جنوبی افریقانے مقررہ50 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر418 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے نے مقررہ 50 اوور میں4 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنانے کے بعد میچ171رنز سے گنوا دیا تھا۔

زمبابوے میں صائم ایوب سے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا اعزاززمبابوے کے سکندر رضا کے پاس تھا جنہوں نے نیدر لینڈز کے خلاف ہرارے میں20 جون2023 جو جب72 منٹ میں54 گیندوں پر 6 چوکوں اور8 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر102 رنز بنائے تھے تو اپنی سنچری54 گیندوں پر مکمل کی تھی۔ اس میچ میں زمبابوے نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے40.5 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بناکر میچ 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔ نیدر لینڈز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے تھے۔