معزز عدلیہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کودیکھے‘وزرا

72

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزرا سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ایسے ممالک سے مدد مل رہی ہے جو پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ معزز عدلیہ کو پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس جو سالہا سال سے التوا کا شکار ہے‘ اس کو دیکھنا چاہیے۔ پی ٹی آئی میں ایک انتشاری ٹولہ شامل ہے۔ ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی والے پُرامن رہ کر سیاست کریں۔ پی ٹی آئی جس طرح ملک میں بے لگام چل رہی ہے، اس سے لگتا ہے کہیں نا کہیں کوئی نا کوئی کہانی تو ضرور ہے۔ آٹھویں پاک واٹر اینڈ انرجی نمائش کی کامیابی کی علامت یہ ہے کہ اس کا انعقاد سالانہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز 3روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو 2024ء کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی، اختر شاہین رند و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزرا نے نمائش میں لگائے گئے 150سے زائد ملکی و غیر ملکی اسٹالز کا دورہ کیا اور ان سے اسٹالز پر موجود مصنوعات پر بریفنگ لی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یہ نمائش ہمیشہ سے کامیاب رہی ہے اور ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس نمائش میں حصہ لیتے ہیں۔