کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان نے حیدری مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مارکیٹ کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ حیدری جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر سید فراز احمد اور حیدری آل بزنس ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر سمیت دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران بزنس کمیونٹی نے عاطف علی خان کی قیادت میں نارتھ ناظم آباد میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا اور انہیں علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کمیونٹی رہنماؤں نے کہا کہ چیئرمین کی جانب سے جاری ان منصوبوں نے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا ہے۔ چیئرمین عاطف علی خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نارتھ ناظم آباد کے شہریوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا اور ان کے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ حیدری مارکیٹ سمیت پورے ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا مقصد کاروباری برادری اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ علاقے کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور بزنس کمیونٹی کا تعاون ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ حیدری جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر سید فراز احمد نے کہا کہ چیئرمین کے اقدامات کی بدولت حیدری مارکیٹ ایک بار پھر اپنی سابقہ شناخت حاصل کر رہی ہے۔