لسبیلہ پل کے نیچے شاپنگ بیگ سے انسانی اعضاء برآمد

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے مختلف علاقوں سے انسانی اعضاء برآمد ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔ ایک شخص نے لسبیلہ پل سے نیچے شاپنگ بیگ پھینکے تھے جن سے انسانی اعضاء برآمد ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلبہار تھانے کی حدود لسبیلہ پل کے قریب ندی کی خشک جگہ سے 2 شاپنگ بیگوں سے انسانی اعضاء برآمد ہوئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والے انسانی اعضاء میں سر شامل نہیں ہے۔ تمام اعضاء ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیے گئے ہیں۔ شاپنگ بیگوں کو پل کے اوپر سے پھینکا گیا تھا جو نیچے گرتے ہی پھٹ گئے جس سے گوشت بکھر گیا۔ قریب موجود شخص نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو پتا چلا یہ انسانی اعضاء ہیں۔ شاپر پھینکنے والا شخص موقع سے فرار ہو گیا۔